گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوگ کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات، تجارت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

15

لاہور, 27 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستوگ  نے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات، تجارت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کا دیرینہ گہرا برادرانہ رشتہ ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاپ نے کہا کہ انٹرنیشنل فورمز پر پاکستان کے موقف بالخصوص مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ترکیہ اور پاکستان کے مابین کاروباری افراد کے وفود کے تبادلے ہونے چاہیئں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طلبہ ایکسچیج پروگرام کو بڑھایا جائے۔ پاکستانی طلباء کی ترکیہ کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے حوالے اور سکالرشپس کے متعلق جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔

درمش بستوگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط مذہبی، ثقافتی تعلقات ہیں۔ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قونصل جنرل ترکیہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہوں۔