ہمیں اپنے ماضی کو بھولنا نہیں چاہئے بلکہ اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے، وزدفاع خواجہ محمد آصف کا قومی اسمبلی میں خطاب

25

اسلام آباد۔20جون(اے پی پی): وزدفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے ماضی کے جھروکوں میں بھی جھانکا جائے۔ انہوں نے شیر، بلا، سائیکل پر انتخابات میں حصہ لیا، پرویزمشرف اور شوکت عزیز کے ساتھ رہے، ان کے والد کو میاں نوازشریف نے سپیکر اور قائدحزب اختلاف بنایا، ہمیں اپنے ماضی کو بھولنا نہیں چاہئے،اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہی نہیں پورے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لوڈشیڈنگ ان علاقوں میں ہو رہی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے، ایماندار صارف ان چوروں کا خرچہ اٹھا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی سے وزیراعظم کی موجودگی میں بات ہوئی کہ بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے تعاون کریں، کچھ بڑے شہروں کے درمیان 80 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے، اگر ان لوگوں کو تحفظ دینا ہے تو اس پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔200 ارب ڈالر منہ پر مارنے کے دعوے کہاں گئے؟۔، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر کدھر گئے؟۔ 900 ارب روپے ان کے دور حکومت میں قرض بڑھا، غلط بیانی سے گریز کیا جائے، آئی ایم ایف کو کس نے خط لکھنے کی بات کی کہ آئی ایم ایف کا پروگرام نہ ہونے دیں، صوبوں کو کہا گیا کہ ان کو خط لکھیں تاکہ ملک تباہ ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو زبان فوج کیخلاف استعمال ہوتی ہے، 9 مئی کو جو زبان استعمال کی گئی اس وقت شہداء اور فوج ان کی نہیں تھی؟۔ کیا 9 مئی والے راستے بھول کر کور کمانڈر ہائوس پہنچ گئے تھے؟۔، یہ چیز ریکارڈ کا حصہ ہے اس سے انکار اپنا مذاق ہے۔