ہمیں تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی، ہم اس کو بہتر کرینگے اورمہنگائی میں کمی لائیں گے ،وزیر دفاع خواجہ آصف

24

اسلام آباد۔20جون(اے پی پی ):وزیر دفاع نے کہا کہ یہ لوگ اپنے لوگوں کے روپوش ہونے کی بات کرتے ہیں، یہ ایوان گواہ ہے کہ ہمارا کوئی بندہ ان کے دور میں روپوش نہیں ہوا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں جب نیب کی قید میں تھا تو اسد وڑائچ نے مجھے سہولیات نہ دینے کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کا حکم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بجٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کیا جائے تو کیا ان کے دور میں قائمہ کمیٹی میں بجٹ پیش ہوا تھا، چار چار جماعتیں بدلنے کی بجائے اپنے مخلص لوگوں کو موقع دیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جوہری پروگرام کی حفاظت ہمیشہ سے فوج کرتی ہے، عمران خان نے کہا کہ ہمارے جوہری اثاثے محفوظ نہیں ہیں، یہ مغرب کو متاثر کرنے کیلئے کہا تھا، یہ اپنے لیڈر کی باتوں سے انکار کریں۔

ہمیں یہ تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی ہم اس کو بہتر کرینگے، مہنگائی میں کمی لائیں گے، ان کے چار سال کا گند بھی ہم نے صاف کرنا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہاں پر تقاریر اور دعوے کرتے وقت اپنے ماضی کو بھی سامنے رکھنا چاہئے، اس ایوان میں اطمینان سے ایک دوسرے کی تقاریر سنیں گے تو تحمل اور برداشت پیدا ہو گی، ہم سیاستدان اپنی ساکھ خود خراب کرتے ہیں۔