آئی جی اسلام آباد کا جی سکس سے برآمد ہونے والے 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

131

اسلام آباد،16 جولائی(اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جی سکس اسلام آباد سے برآمد ہونے والے 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے جلوس کے داخلی راستوں اور روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا اور جلوس کے منتظمین اور شرکاء سے ملاقات کی۔  انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے، شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوراً پکار 15 پر رپورٹ کریں۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جلوس کی سکیورٹی کے لئے 2000 سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں،جلوس کی نگرانی ڈرون و سیف سٹی کیمروں سے کی جارہی ہے،جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں اور قنات سے مکمل بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء جلوس کو صرف مخصوص راستوں سے داخلے کی اجازت ہے، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ جلوس کے روٹ سے دور رکھی گئی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ  جلوس کے روٹ میں چھتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں، جلوس میں داخل ہونے والوں کو میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیک کیا جارہا ہے، چیکنگ کے لئے سکاؤٹس پولیس کی معاونت کررہے ہیں جبکہ تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز جلوس کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے گاہے بگاہے دورہ کرتے رہیں گے، جلوس کے علاقہ میں پرائیویٹ ڈرون اڑانے پر پابندی ہے۔