آبادی کا عالمی دن،وزارتِ صحت کیجانب سے سیمینار کا انعقاد،ڈاکٹر مختار ملک کی شرکت

14

اسلام آباد،11جولائی (اے پی پی): قومی صحت کی خدمات، ضوابط اور رابطہ کی وزارت نے آبادی کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور پائیدار مستقبل کی طرف رہنمائی کرنے والے حل کو فروغ دینے کے لیے اس سال 11 جولائی، جمعرات کو آبادی کا عالمی دن منایا۔ اس سلسلے میں سیمینار کا انعقاد منسٹری آف ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن  کی طرف سے کیا گیا تھا،اور اس سال کے عالمی یوم آبادی کا تھیم “سب کے لیے ایک لچکدار اور مساوی مستقبل کی جانب جامع ڈیٹا کی طاقت کو اپنانا” تھا۔

نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کے وزیر اعظم کے کو معاون اور تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مختار ملک نے تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آبادی کا عالمی دن آبادی کے مسائل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور پائیدار مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی کرنے والے حل کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔

وفاقی سیکرٹری برائے صحت ندیم محبوب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آبادی کے بارے میں قومی بیانیہ ’’توازن‘‘ حقوق پر مبنی رضاکارانہ خاندانی منصوبہ بندی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت  قومی صحت اپنا کردار ادا کرتے ہوئے صوبوں، خطوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے موجودہ نیشنل ایکشن پلان برائے آبادی (2019-24) پر نظر ثانی کر رہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن پروگرام ونگ ڈاکٹر شبانہ سلیم نے سیمینار کی میزبانی کرتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان میں آبادی کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے قومی اور بین الاقوامی کوششوں کو مربوط کرنے میں وزارت صحت سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کے پاپولیشن پروگرام ونگ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز اور ناروے ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر نور خان نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی عزم پر زور دیا۔ پاکستان کے نامور گلوکار شہزاد رائے، برانڈ ایمبیسڈر برائے آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی نے شرکاء سے خطاب کیا اور آبادی کے مسائل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سیمینار میں وفاقی اور صوبائی وزراء، سفارت کاروں، عمل درآمد کرنے والے شراکت داروں، این جی اوز اور آئی این جی اوز کے نمائندوں، ترقیاتی شراکت داروں اور میڈیا کے نمائندوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔