ڈیرہ اسماعیل خان،16 جولائی (اے پی پی): ڈیرہ اسماعیل خان میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس روایتی نوحے “آج کربلا میں شبیر مہمان ہے…… دل کو ارمان ہے” کے ساتھ شروع ہوا۔ جلوس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں بسنے والے ہزاروں عزاداران حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے شرکت کی، یہ ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں تھلہ بھورا شاہ (امام بارگاہ حضرت امام حسن)، حسینیہ چوک، تھلہ فضل عباس شاہ، تھلہ امام زین العابدین، خمینی چوک، حیدری چوک، تھلہ حضرت عباس، محلہ ڈاکٹر جلال حسین سے ہوتا ہوا علمدار چوک پہنچا جہاں تعزیہ برآمد کیا گیا۔
بعد ازاں یہ ماتمی جلوس محلہ گھائیاں والا، تھلہ حیدر شاہ شیرازی سے ہوتا ہوا مسجد لاٹو فقیر میں اختتام پذیر ہوا ماتمی جلوس میں لشکر امام حسین(سید سبطین شاہ اینڈ پارٹی) لشکر امام حسن اور محلہ قصابان کی ماتمی سنگت نے نوحہ خوانی کی جبکہ عزاداران امام حسین نے سینہ کوبی کرتے ہوئے امام عالی مقام کو نظرانہ عقیدت پیش کیا۔اس دوران جلوس کے راستوں پر بڑی تعداد میں پانی، دودھ اور دیگر مشروبات کی سبیلیں اور کھانے پینے کی نظر و نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں نو محرم الحرام کو بچوں کے ماتمی جلوس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے جس میں کم عمر بچے علم اٹھائے ماتمی جلوس کے آگے آگے چلتے ہیں اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے امام حسینؑ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اس کے علاوہ جلوس کے دوران امام حسینؑ کے گھوڑے کی شبیہہ ذوالجناح بھی برآمد کیا جاتا ہے۔