آواز ایپ کا افتتاح،آواز ایپ کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر طریقے سے رپورٹ اور حل کرنا ہے

65

اسلام آباد،25 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون،انصاف اور انسانی حقوق،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آواز ایپ کا افتتاح کر دیا ہے۔

آواز ایپ ایک جدید موبائل ایپلی کیشن ہےجس کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مؤثر طریقے سے رپورٹ اور حل کرنا ہے اور انفرادی تحفظ اور فلاح و بہبود کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔اس میں گمشدہ یا اغوا شدہ بچوں کے کیسز شامل ہیں اور  یہ رپورٹس فوری طور پر متعلقہ حکام کو مناسب کارروائی کرنے کے لئے بھیجی جائیں گی ۔

رپورٹ موصول ہونے پر،ایپ ایک الرٹ سسٹم کو فعال کرتی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں، حکومتی محکموں، اور کمیونٹی تنظیموں کے درمیان مربوط ردعمل کو متحرک کرتا ہے۔رپورٹ کیے گئے واقعات کے بارے میں اہم معلومات مختلف چینلز کے ذریعے پھیلائی جاتی ہیں، جن میں سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس،نیوز آؤٹ لیٹس،اور عوامی اعلانات شامل ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ادارے گمشدہ یا اغوا شدہ افراد کو جلدی سے تلاش کرنے اور تحقیقات شروع کرنے کے لیے متحرک کیے جاتے ہیں۔

ایپ کا بنیادی مقصد متاثرین کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنانا ہے،جس کے بعد انہیں جامع مدد فراہم کی جاتی ہے،جس میں مشاورت،قانونی امداد اور طبی معاونت شامل ہے۔

افتتاح کے دوران، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے انسانی حقوق کے مسائل کو حل کرنے کے لیے محفوظ اور مزید ذمہ دارانہ ماحول کے فروغ میں ایپ کے کردار کو اجاگر کیا۔ “ہم آواز ایپ کو متعارف کرانے پر فخر محسوس کرتے ہیں جو ہمارے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا مظہر ہے۔”