اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی کئی سال تک بہترین میزبانی کی ہے، افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین جب بھی پاکستان آئے ان کو رہنے کی جگہ دے، صحت کی بہترین سہولیات مہیا کی گئی اور کھانے کا بھی بہترین انتظام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کے لیے بہترین لائحہ عمل تیار کیا گیاہے، افغان مہاجرین کا اندراج کیاگیا، ان کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا اور پھر ان کو وطن واپسی کے لیے ٹائم لائن دی گئی،اس کے لیے ٹرانسپورٹ کا بہترین سسٹم مہیا کیا گیا ،وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے ان کی سرحد پار واپسی کیلئے بہترین کردار ادا کیا۔