اقلیتوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی محبت اور تعلق لازوال ہے؛گورنر فیصل کنڈی

15

پشاور، 24جولائی(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی محبت اور تعلق لازوال ہے، پاکستانی اقلیت ہمارے لیے انتہائی قابل قدر ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ جان کیتھڈل چرچ ، چرچ آف پاکستان کے دورے کے موقع پر کیا۔سربراہ چرچ آف پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا بشپ ہیمفری سرفراز ،پریسٹ انچارج پادری جوزف جان ، پادری ہانی، پادری  جارج ، صوبائی ممبر پی پی پی اقلیتی امور یاسر بھٹی نے ان کا استقبال کیا۔ پی پی پی ڈسٹرکٹ پشاور اقلیت ونگ ، یوتھ پیس ایمبیسیڈر کے ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر خیبر پختونخواہ نے چرچ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ  1852 میں اس چرچ کی تعمیر شروع ہوئی اور 1860 میں اس کو عبادت کے لیے کھول دیا گیا یہ تاریخی جہاں ملکہ برطانیہ کوئین الزبت بھی اچکی ہیں اور اس میں 1200 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

 گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ اس صوبہ اور اس ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کے قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے واضح پالیسی دی۔ آئین پاکستان میں اقلیتوں کو ہر لحاظ سے ازادی اور تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون دنیا میں جب ہمارے مذہبی شعائر کے خلاف کوئی کام کیا جاتا ہے تو جس طرح ہمارے دل دکھتے ہیں اسطرح ہمیں بھی اپنے اقلیتوں کے ساتھ انہیں جذبات کے تحت سلوک روا رکھنا چاہیے اور یہ کوشش ہونی چاہیے کہ ہمارے طرز عمل سے پاکستان میں مقیم اقلیتوں کی دل ازاری نہ ہو اور ان کے مقدسات کی کسی بھی صورت میں بے حرمتی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں تمام مذاہب کا احترام فرض کیا گیا ہے لہذا احترام انسانیت اور احترام مذاہب پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہوگا۔

 اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے رہنماوں اور کارکنوں نے بھی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات میں اپنے مسائل بیان کئے جنکے حل کی انہوں نے مکمل یقین دہانی کرائی۔