اسلام آباد،25جولائی (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کی دعوت پر اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل خسرو نوزیری پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
یہ بات ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اور وزیر تجارت سے ملاقاتوں میں اپنے دور میں کیے گئے اقدامات اور سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تنظیم کی بحالی کے لئے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے بارے تبادلہ خیال کریں گے۔
سیکرٹری جنرل نوزیری 24 سے 26 جولائی تک اپنے الوداعی دورہ پاکستان پر ہیں، وہ آئندہ ماہ اپنی مدت پوری کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ آئندہ ماہ سے پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان تین سال کی مدت کے لئے ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے، ان کی تقرری کی وزرا کی کونسل نے منظوری دی ہے اور اس کا نوٹیفکیشن اس سال مئی میں جاری کیا گیا تھا۔