بدین،13 جولائی(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی اور ایس ایس پی بدین شیراز نظیر نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف تحصیلوں کی مرکزی امام بارگاہوں کے دورے کیے، اس سلسلے میں تلہار اور ماتلی کے امام بارگاہوں کے دورے بھی کیے گئے۔
اس موقع پر انہوں نے عزاداروں اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے انتظامات کے بارے میں تفصیلات بھی لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی تاریخ شہادتوں سے بھری پڑی ہے، ان شہادتوں میں کربلا کا واقعہ انتہائی مظلومانہ ہے، واقعہ کربلا سے ہمیں معلوم یہ سبق ملتا ہے کہ وقت کے جابر ظالم حکمرانوں کے آگے گردن کٹ تو سکتی ہے مگر جھک نہیں سکتی،عظیم انسان حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اہل خانہ کی شہادت سے پوری دنیا سوگوار ہے، ہر سال دس محرم الحرام ان زخموں کو تازہ کرتا ہے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تلہار عبدالغفار ملاح، اسسٹنٹ کمشنر ماتلی سید نور حسین شاہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی حاجی رضوان احمد قائم خانی، فوکل پرسن میونسپل ماتلی عتیق الرحمان قائم خانی اور دیگر بھی موجود تھے۔