اسلام آباد، 26 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اسپیشل اکنامک زون اہمیت کے حامل ہیں۔چینی صنعتوں کی پاکستان نقل مکانی ملکی ترقی کے لیے ایک اہم موقع ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام پاکستان اور چین کی خصوصی اقتصادی زونز کی پالیسیوں پر رپورٹ کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین پاکستان کا عظیم دوست ہے،حکومت چینی کاروباروں کو راغب کرنے کے لیے مزید مراعات اور رعایتیں دینے کےآپشنز پر کام کر رہی ہے،چینی کمپنیوں کے آپریشنز کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسپیشل اکنامک زونز پہلے ہی کام کر رہے ہیں،اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ایکسپورٹ زونز کا کردار اہم ترین ہے، پاکستان میں صنعتی نقل مکانی کے لیے سازگار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان کو آسیان، بنگلہ دیش اور وسطی ایشیا جیسے دیگر خطوں سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔