تھرپارکر،17 جولائی(اے پی پی):ملک بھر کی طرح تھرپارکر میں بھی یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، سیکیورٹی کے 900 سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت افسران نے ڈیوٹی سرانجام دی اور اس کے علاوہ پاک رینجرز کے جوانوں نے بھی ڈیوٹی سرانجام دی، تھرپارکر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی گئی جو اب تک جاری ہے، تمام راستوں پر پولیس تعینات کی گئی تھی۔
یوم عاشور کے موقع پر تھرپارکر کے مختلف شہروں مٹھی، اسلام کوٹ ،چیلہار ،ڈیپلو سميت دیگر شہروں میں آٹھ بڑے مرکزی جلوس نکالے گئے، جلوسوں میں سینہ کوبی، زنجیروں پر ماتم کیا گیا۔ اس موقع پر ذاکرین نے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت ظلم اور جبر کے خلاف قیامت تک کے آنے والے انسانوں کے لئے ایک واضح سبق ہے، ضلع بھر کے جلوسوں کی نگرانی ڈپٹی کمشنر عبدالحليم جاگیرانی اور ایس ایس پی تھرپارکر شبیر احمد سیٹھار کر رہے تھے۔انہوں نے جلوسوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کی۔