حب،29 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر حب روحانہ گل کاکڑ کا ایک اور احسن اقدام ،جام غلام قادر ہسپتال میں میڈیکل ویسٹ کو ڈسپوز کرنے کی سہولت نہ ہونے پر کراچی کے جیو لنک کمپنی سے معاہدہ، جیو لنک کمپنی سول ہسپتال جام غلام قادر حب سے میڈیکل ویسٹ کو لے جاکر ضائع کرے گا۔
کمپنی نے باقاعدہ میڈیکل ویسٹ کو لیجانا شروع کر دیا ہے، میڈیکل ویسٹ کو سول ہسپتال جام میر غلام قادر حب میں اسٹور کرنے کے لئے حبکو پاور پلانٹ کے تعاون سے کمرہ بھی تیار کیا گیا ہے جہاں میڈیکل ویسٹ کو جمع کیا جائے گا جہاں سے کراچی ڈسپوز کرنے کے لئے لے جایا جائے گا۔
اس سے قبل میڈیکل ویسٹ کو ضائع کرنے کی سہولت نہ ہونے کے باعث تغفن پھیلتا تھا جبکہ بیماریاں بھی پھیلنے کا خدشہ تھا جس پر ڈپٹی کمشنر حب روحانہ گل کاکڑ نے جیو لنک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جبکہ میڈیکل ویسٹ کو جمع کرنے کے لئے حبکو انتظامیہ نے کمرہ بنانے میں تعاون کیا۔
عوامی حلقوں نے اس احسن اقدام پر ڈپٹی کمشنر حب روحانہ گل کاکڑ کی تعریف کی ہے۔