حب؛ محرم الحرام کی سیکیورٹی پلان کے متعلق اجلاس،کمشنر و ڈی آئی جی کی شرکت

8

حب،11 جولائی(اے پی پی): کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم بازئی اور ڈی آئی جی پولیس قلات رینج منیر احمد شیخ کے زیر نگرانی محرم الحرام کی سیکیورٹی پلان کے متعلق اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں صنعتی شہر ضلع حب میں مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ضلع بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور بہتر حکمت عملی مرتب کی گئی۔

 کمشنر محمد نعیم بازئی نے پولیس حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور کی منظور شدہ روٹ اور مقامات کے علاوہ کسی اور جگہ پر جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی، ضلع حب بھر میں امام بارگاہوں مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہمی کی حائیگی۔

ڈی آئی جی پولیس منیر احمد شیخ نے بریفنگ میں بتایا کہ یوم عاشور پر افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ،جلوس اور مجالس کی تعداد کے مطابق اہلکار تعینات ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے حفاظتی انتظامات میں سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، اور دیگر فیلڈ فارمیشنز اپنے فرائض سرانجام دیں گے ۔

کمشنر قلات ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کے سیکیورٹی ایس او پیز پر صحیح طریقے سے عمل درآمد کیا جائے، اشتعال انگیزی کے خطرے کے پیش نظر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا  کہ مجالس کے مقامات پر چیکنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس استعمال کیے جائیں ۔آنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے ولوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 بعدازاں کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم بازئی اور ڈی جی آئی جی پولیس منیر احمد شیخ نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد علمائے کرام ذاکرین سے بھی میٹنگ کی اور انہیں ضلع بھر میں محرم الحرام کی سیکیورٹی ایس اوپیز اور مذہبی ہم آِنگی کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔