ملتان،11 جولائی (اے پی پی):سابق سپیکر قومی اسمبلی سینئر سیاستدان سید فخر امام نے کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے کربلا میں حق و صداقت کا علم بلند کیا اور دین اسلام کو تاقیامت جلاءبخشی۔
انہوں نے ینگ پاکستا نیز آرگنائزیشن اور رائل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز رمز کالج ملتان کے زیر اہتمام دسویں سالانہ “سلام یا حسینؓ ” سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی لازوال اور عظیم قربانی صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں دنیا کے تمام مذاہب کے لیے تھی جس کے ذریعہ انہوں نے حقیقی امن، مساوات ،برابری اور بھائی چارے کا درس عام کیا ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حضرت امام حسینؓ کی سیرت ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دیناو آخرت سنوار سکتے ہیں ،محرم الحرام ہمیں اخوت اور اتحاد امت کا درس دیتا ہے۔
اس موقع پرسابق وفاقی وزیر مذہبی امورصاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ حضور نبی کریمؐ نے بچپن میں ہی حسنین کریمین کے جنت کے نوجوانوں کے سردار ہونے کی بشارت دی جس میں اللہ تعالیٰ کی رضا و مرضی شامل تھی ۔حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے واضح ہوا کہ حق کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔
سیمینا رکی صدارت ڈائریکٹر حج وازرت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی پاکستان ریحان عباس کھوکھر نے کی جبکہ تقریب کے مہمانان اعزازمیں سجادہ نشین دربار حضرت دائود جہانیاں مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، سابق ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد، ڈین رمز کالج ڈاکٹر نثار الرحمان، ڈائریکٹر رمز کالج اظہر عباس کھوکھر اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔