حکومتی اقدامات سےمہنگائی  38فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئی ہے؛ وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک

17

 

اسلام آباد،29جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ  نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ، مہنگائی کاخاتمہ اور غربت پر قابو پانا حکومت کی ترجیحات ہیں، حکومتی اقدامات سےمہنگائی  38فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئی ہے، معاشی ترقی کی شرح   2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   منگل کو یہاں  پریس کانفرنس سے  خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ روزگار  کی فراہمی،مہنگائی کا خاتمہ اور غربت پر قابو پانا وزیراعظم کی ترجیحات ہیں ، جب ملک میں ترقی ہوگی تو نئے کاروبار چلیں گے، زراعت ترقی کرے گی توروزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ترقی کی شرح جو گزشتہ دور میں منفی ہو گئی تھی اب 2.4  فیصد تک پہنچ گئی ہے،زرعی شعبے میں پچھلے 19 سال میں سب سے زیادہ ترقی کی شرح 6.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے،  اسی طرح صنعتی شعبے میں ترقی کی شرح تیسری سہ ماہی میں 3.8فیصد رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سےمہنگائی  38فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئی ہے، معاشی ترقی کی شرح   2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے، سٹاک مارکیٹ ملک کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہے، ٹیکس وصولی میں 30 فیصداور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت نے اخراجات میں کمی اور آمدنی میں اضافہ کیا ہے،  86فیصد گھریلو بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، لے کر آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرز کی پیداوار  اور فروخت میں 45 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،کسانوں کو فراہم کیے جانے والے قرضوں میں 26 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور انہیں 9400 ارب روپے کا قرضہ دیا گیا ہے ۔

 ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پچھلے سال اس عرصے میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد  تک  بڑھ  گئی تھی  وہ اب کم  ہو کر 12.5 فیصد پر آگئی ہے،کھانے پینے کے اشیاء کی قیمتوں  میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور اس میں مہنگائی کی شرح 2 فیصد پر آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت کمزور طبقات کے لیے 600 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور کم ترقی یافتہ علاقوں پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے،زرعی ترقی کے لیے کسانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،  جہاں سڑک جائے گی وہاں ترقی جائے گی،  ترقیاتی منصوبے غریب لوگوں کے لیے زندگی ہیں۔