حکومت پنجاب قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے عالمی این جی اوز سے تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے؛خواجہ سلمان رفیق

19

لاہور،23جولائی(اے پی پی):صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے قدرتی آفات سے بچا ئوکے حوالے سے پی ڈی ایم اے اور عالمی این جی اوزکی کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  کہ حکومت پنجاب عالمی این جی اوز سے  تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے اور ان کے تجربات سے استفادہ کر کے عوام کے لئے سود مند اقدامات اٹھانا چا ہتے ہیں۔

قدرتی آفات سے بچا ئوکے حوالے سے پی ڈی ایم اے اور عالمی این جی اوزکی کانفرنس منگل کویہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کی ۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بھی کانفرنس میں شریک ہوئے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے  کہا کہ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت تجربات کی شئیرنگ پر یقین رکھتی ہے، ہمارا مقصد عوام کی فلاح ہے ،مسائل گلوبل ویلیج کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنے چاہئے، مسائل گلوبل ہیں تو حل بھی مل کر ہوسکتے ہیں۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے کام کے طریقہ کار اور این جی اوز کے علم کا گٹھ جوڑ عوام کے لئے فائدہ مند ہوگا۔پوری دنیا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے تجربات سے پنجاب حکومت کو فائدہ ہوگا۔

قبل ازیں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کانفرنس کے شرکا کو کو پی ڈی ایم کی ورکنگ بارے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کی تیاریاں مکمل ہیں ،وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کی روشنی میں رسک رڈکشن  کے حوالے سے مزید تیاریاں تیز کر دی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایسی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی تنظیموں سے مقامی مسائل پر بات ہوئی ہے۔اس موقع پر عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے حکومت پنجاب کو اپنے تجربات سے آگاہی دی کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے کیسے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ کانفرنس کا مقصد سیلابی موسم سے پہلے ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال تھا۔