خواجہ سلمان رفیق کا ملتان میں مرکزی جلوس کے روٹ و امام بارگاہوں کا دورہ

18

ملتان ، 09 جولائی (اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نےسرکٹ ہاؤس ملتان میں امن وامان سے  متعلق اجلاس کی صدارت کی  اورملتان  میں مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔

مولانا حنیف جالندھری نے کابینہ کمیٹی کو کنٹرول روم کا دورہ کروایا۔ کابینہ کمیٹی نے حکومت پنجاب کی جانب سے لگائی گئی پانی کی سبیل کا معائنہ کیا۔جلوس کے روٹ اور امام بارگاہوں کے باہر تعینات پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

کابینہ کمیٹی نے ملتان میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 کمشنر ملتان مریم خان اور آر پی او کیپٹن سہیل چوہدری نے انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ  ملتان ڈویژن میں تمام 910 جلوس اور 3182 مجالس کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ 86 علماء و ذاکرین کی ضلع بندی اور 64 کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے ہیں، خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی طور پر لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ  128 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فیلڈ میں جاکر خود دیکھا کہ سکیورٹی و دیگر انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ محرم الحرام کو پُرامن بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے   کہا کہ عاشورہ کے بعد بھی چین سے نہیں بیٹھنا بلکہ سکیورٹی صورتحال پر یہی  توجہ رہے  گی ۔ پنجاب بھر سے رپورٹس محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم میں دیکھ رہے ہیں۔