پشاور، 29جولائی(اے پی پی): مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مون سون بارشوں کے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لئے پیشگی اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔ اس سلسلے میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
ڈاکٹر سیف کے مطابق، ضلعی انتظامیہ کو بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شمالی و جنوبی خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کو بھی تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ہسپتالوں کو ایمرجنسی ادویات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ضلعی سطح پر 70 لاکھ روپے کی رقم بھی ریلیز کر دی گئی ہے تاکہ امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
ڈاکٹر سیف نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔