پشاور، 8جولائی(اے پی پی): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام سے معیشت مستحکم ہوگی اور سرمایہ کاری آئے گی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے، ہم پورے ملک خصوصاً خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کو پھر منظم کرنا چاہتے ہیں، جتنی مشکلوں سے آج عوام گزر رہے شاید پہلے نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا،اگر سیاستدان سنجیدگی سے مسائل کا حل نہیں نکالیں گے تو عوام کا سامنا کرنا پڑے گا، ایک طرف معاشی مسائل ہیں تو دوسری طرف امن و امان کا مسئلہ ہے،امن و امان کے قیام سے معیشت مستحکم ہوگی اور سرمایہ کاری آئے گی،ایک طرف معاشی مسائل ہیں تو دوسری طرف امن و امان کا مسئلہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں نیٹو افواج اپنے اہداف حاصل نہ کرسکیں، ہماری سکیورٹی فورسز نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی،اب ملک میں دہشتگردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، حکومت دہشتگردی کے خلاف آپریشن کے حوالے سے اے پی سی بلاکر تمام پارٹیوں کو اپنا مؤقف دینے کا موقع دیا جو کہ اچھا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں مثبت ذہن کی سیاست کی شدید ضرورت ہے۔