خیرپور:آٹھ محرم الحرام کا تاریخی مرکزی جلوس انجمن حیدری سے نکالا گیا

34

 

سکھر، 15جولائی(اے پی پی): آٹھ محرم الحرام کا تاریخی مرکزی جلوس انجمن حیدری سے نکالا گیا جبکہ مختلف مقامات سےبھی  جلوس نکالے گئے جو چھتری چوک پر مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے تمام جلوس پنجگلہ پہنچے تو صغیر حسین زیدی نے اپنے خطاب میں کہا حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان اور 6 ماہ کے شہزادہ علی اصغر کی قربانیاں دیکر ثابت کر دیا کہ یہ سر کٹ تو سکتے ہیں مگر یزیدیوں کے سامنے جھک نہیں سکتے، واقعہ کربلا سے ہمیں سبق سیکھنا چاہئے کہ امام حسینؑ نے حق کی خاطر جانوں کا نظرانہ پیش کیا مگر یزید کا ساتھ نہیں دیا۔

تمام جلوس پنجگلہ پہنچے جہاں علماءکرام کے خطاب کے بعد زنجیر زنی کا ماتم ہوا، عزاداروں نے قمہ زنی بھی کی۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے جگہ جگہ پانی شربت کی سبیلیں لگی ہوئی تھیں۔

اس موقع پر ہزاروں زخمی عزاداروں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے ایک درجن سے زائد اسکاوٹس نے امدادی کیمپ لگائے تھے جبکہ سول ہسپتال محکمہ صحت کی جانب سے بھی ڈاکٹروں کی ٹیمیں اور ایمبولینس موجود تھیں۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے  تھے، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جارہی تھی جبکہ رینجرز بھی موجود تھی ۔