اسلام آباد،11جولائی(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ دانش سکولز کا دائرہ وسیع کیاجائےگا، مشکل حالات میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان قابل تحسین ہیں۔
ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے دانش سکول کے طالب علم محمد آیان کاشف سے گفتگوکرتے ہوئے کیاجنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانامشہود احمد خان ، متعلقہ حکام اور آیان کاشف کی والدہ اور دادی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے آیان کاشف اور ا ن کے اہل خانہ کوانٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ لاہور میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباددی۔ وزیراعظم نے کہاکہ کل جب انہیں معلوم ہواکہ دانش سکول کے طالب علم نے پوزیشن حاصل کی ہے تو بےحد خوشی ہوئی۔آیان کاشف والد کے سائے سے محروم ہو گئے تھے ان کی دادی اور والدہ نے ان کی پرورش اور تعلیم و تربیت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جو مشکل حالات میں تعلیم جاری رکھتے ہیں وہ خصوصی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایسے نوجوان قوم کا مستقبل اور درخشندہ ستارہ ہیں۔ آیان کاشف نے وزیراعظم کاشکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ دانش سکول شہبازشریف کا وژن تھا اورآج میری کامیابی کا سہرا دانش سکول کے سر ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دانش سکولز کو پاکستان کے دوسرےعلاقوں میں بھی قائم کیاجائےگا۔ بلوچستان میں 4 دانش سکول کھولے جارہےہیں۔ گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر ، اسلام آباد ، دیہی علاقوں میں دانش سکولز کھولے جائیں گے۔ یہ سکولز ہمارے لئے فخر کا باعث ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایسے بچے جو والد یاوالدہ یا دونوں کے سائے کے محروم یا کمزور مالی حالات کے باعث تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے وہ دانش سکولز میں تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔ آیان کاشف نے وزیراعظم کے استفسار پر بتایاکہ دانش سکول میں انہیں رہائش، یونیفارم، کھانے پینے سمیت تمام بہترین سہولیت میسر ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتےہیں جس نے ہمیں یہ سکول بنانے کی توفیق دی۔ مجھے یہ چیزبہت تکلیف دیتی تھی کہ ایچی سن کالج جیسے تعلیمی اداروں کے دروازے غریب بچوں پر نہیں کھل سکتے اور ان تعلیمی اداروں میں صرف متمول ، زمیندار اور بڑے خاندانوں کے بچے ہی پڑھ سکتے ہیں۔ غریب کا بچہ ایسے کالج میں داخلے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ وہیں سے میرے اندر دانش سکول کے قیام کی سوچ پیداہوئی جو شرمندہ تعبیر ہوئی۔ وزیراعظم نے آیان کاشف کو میڈل پہناتےہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی ہونہار طلبا و طالبات کے ہاتھ میں ہے۔ہم اپنے نوجوانوں کو مختلف فنون اور ہنر کی تربیت دینے کے لئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ ان نوجوانوں کو زراعت، صنعتوں ، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے بہترمواقع حاصل ہو سکیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ صنعت و حرفت اور زراعت کی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لئے باصلاحیت نوجوانوں کی کھیپ تیارکرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
آیان کاشف نے وزیراعظم سے اس خواہش کااظہار کیا کہ دانش سکولوں کو یونیورسٹی تک ترقی دی جائے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بات کریں گے، یہ اچھی تجویز ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں دانش سکول کے لئے زمین اور فنڈز مختص ہو چکے ہیں۔ بلوچستان ، سابق فاٹا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بہت جلد دانش سکول بنیں گے ۔
آیان کاشف کی والدہ نے کہاکہ وہ اپنے بچے کی کامیابی سے بے حد خوش ہیں۔میرے بیٹے کو دانش سکول کی وجہ سے تعلیم کاموقع ملا۔ دانش سکولوں کے اساتذہ کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں نے دانش سکولوں کے لئے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ زیادہ تنخواہوں پر اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے پر احتجاج بھی ہوا لیکن میں نے کہا کہ غریب بچوں کو بھی ایچی سن کالج ، لارنس کالج، گرائمر، کانونٹ اور بھاری فیسوں والے پرائیویٹ سکولوں جیسی تعلیمی سہولیات والے سکول میں پڑھنے کا حق حاصل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازمیرے وژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے آیان کاشف کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں 10 لاکھ روپے کاچیک اور لیپ ٹاپ دیا اور تلقین کی کہ اسی محنت ، جذبے اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں اور قوم کےمعمار بنیں۔