اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کے ساتھ مصنوعی ذہانت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نسٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، دولت مشترکہ یوتھ الائنس ایشیاء سیکرٹریٹ پاکستان میں قائم کیا گیا ہے، دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پاکستان کی حقیقی دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں کام کر رہے ہیں، دولت مشترکہ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ و زیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو ملازمتوں ، سکالرشپس اور دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہی کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پورٹل سے استفادہ کرنا چاہئے۔
دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نسٹ یونیورسٹی کے طلباء کا شمار ذہین طالب علموں میں ہوتا ہے ، قومی ترقی میں نسٹ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، طلباء کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے، ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کیلئے سب کو مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ دولت مشترکہ ڈیجیٹل سکلز اور مصنوعی ذہانت میں طلباء کو تعلیم فراہم کر رہا ہے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، دولت مشترکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا، پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی ضروریات پر توجہ دینی چاہئے۔