لاہور،25جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات کا محکمہ داخلہ پنجاب میں اہم اجلاس ہوا۔ چیئرمین ٹاسک فورس و ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن عاصم رضا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں میں بڑے پیمانے پر ریفارمز لا رہے ہیں۔ جیلوں میں جاکر اور قیدیوں سے ملاقات کر کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضرورت کے مطابق نئی جیلوں کی تعمیر بھی کی جائے گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں اسیران کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے۔ تمام کٹیگریز کے قیدیوں کو بلا تفریق ایک جیسا کھانا مل رہا ہے اور روزانہ 10 ہزار سے زائد قیدیوں کو عدالتی پیشی پر بھی کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ مخیر حضرات کی مدد سے نادار قیدیوں کی جانب سے جرمانے کی ادائیگی جاری ہے۔ جیلوں میں ووکیشنل ٹریننگ دے رہے ہیں جس سے قیدیوں کو سکل مل رہا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ برائے جیل خانہ جات عاصم رضا نے بتایا کہ پریزن فاونڈیشن کے تحت تعلیم، علاج معالجے، شادی کیلئے فنڈز دے رہے ہیں۔ پنجاب کی تمام جیلوں میں ٹف ٹائل انڈسٹری لگا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جیلوں کی سکیورٹی کیلئے جدید جیمرز اور کیمرے لگا رہے ہیں اسی طرح جیلوں کو سولر انرجی پر لا کر لوڈشیڈنگ فری بنایا جا رہا ہے۔ جیلوں میں ملاقاتیوں کیلئے سہولیات پیدا کی گئی ہیں اور تمام جیلوں میں پی سی او بوتھ بنائے اور ویڈیو کال کی بھی سہولت دے رہے ہیں۔ اسی طرح محکمہ صحت کے تعاون سے قیدیوں کو بہترین طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔