اسلام آباد،13جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے گلگت بلتستان میں پائیدار سبز سیاحت، کوہ پیمائی کی تعلیم اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی کے سکول کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر تصور سے حقیقت تک عملدرآمد کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے کوہ پیمائی کے سکول کے قیام کے لیے ایک مکمل منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی ٹیم ورک میں ہے اور کوہ پیمائی سکول کے قیام کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام شرکا کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ رومینہ خورشید عالم نے ایسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جو گلوبل وارمنگ کو کم کرنے اور خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے میں مدد کر سکیں۔
اجلاس میں تین ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو ایک جامع نصاب تیار کریں گی، مناسب مقامات کی نشاندہی کریں گی، تفصیلی بجٹ تیار کریں گی، متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشغول ہوں گی اور کوہ پیمائی کے سکول کے قیام کے لیے ایک مضبوط نگرانی اور تشخیص کا نظام قائم کریں گی۔ پہلی ذیلی کمیٹی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کی سربراہی میں ایک تفصیلی فزیبلٹی تیار کرے گی، ممکنہ مقامات، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور مالیاتی اثرات کا جائزہ لے گی، کوہ پیمائی سکول کی تعمیر کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کرے گی، رسائی، ماحولیاتی اثرات پر غور کرے گی۔ سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن کی سربراہی میں دوسری ذیلی کمیٹی کوہ پیمائی اسکول کے لیے ایک جامع نصاب تیار کرے گی، جس میں کوہ پیمائی، ریسکیو آپریشنز اور ماحولیاتی تحفظ میں بین الاقوامی بہترین طریقوں اور معیارات کو شامل کیا جائے گا۔ انسٹرکٹرز اور عملے کے لیے تربیتی پروگرام قائم کریں، طلبا کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیم اور ہنر کی ترقی کو یقینی بنائیں۔نیشنل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ماؤنٹینیئرنگ، نائلہ کیانی کی سربراہی میں تیسری ذیلی کمیٹی جامع ان پٹ اور تعاون کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سٹیک ہولڈرز بشمول حکومت گلگت بلتستان، مقامی کمیونٹیز، کوہ پیمائی ایسوسی ایشنز اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ بات چیت کرے گی۔ منصوبے کو علاقائی ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور ضروری منظوریوں اور تعاون کو حاصل کرنے کے لیے حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ ہم آہنگی کی سہولت فراہم کریں، منصوبے کی پیشرفت کو ٹریک کرنے، نتائج کا اندازہ لگانے اور منصوبے کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط نگرانی اور تشخیص کا فریم ورک قائم کریں۔
وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، بین الصوبائی رابطہ و کشمیر امور و گلگت بلتستان کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر NAVTTC نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سابق وزیر سیاحت گلگت بلتستان غلام محمد اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ Ev-K2-CNR، KIU ہنزہ اور بلتستان یونیورسٹی کے سیاحت کے ماہرین اور نائلہ کیانی سمیت کوہ پیماؤں نے آن لائن میٹنگ میں شرکت کی۔