زراعت کو ترقی دیکر جنوبی پنجاب سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی

13

ملتان،25جولائی(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ زراعت کا شعبہ ملک میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ بن سکتا ہے، جنوبی پنجاب فوڈ باسکٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور پورے ملک کی غذائی ضروریات پوری کرتا ہے،زراعت کو ترقی دیکر جنوبی پنجاب سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فوڈ سیکیورٹی کا ایشو جنم لے رہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ خلیجی ممالک کارپوریٹ فارمنگ کےلئے جنوبی پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب میں لائیو سٹاک کے شعبے میں بھی وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت جنوبی پنجا ب جدید خطوط پر زرعی سیکٹر کی ترقی پر عمل پیرا ہے اور کپاس پر کیڑے مکوڑوں کے حملے کو مانیٹر کرنے کے لئے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم لانچ کیاگیا ہے جبکہ  زراعت کی ترقی کےلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایپلی کیشنز استعمال کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے میں زراعت کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد حاصل کرے گا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے بتایا کہ نواز شریف زرعی یونیورسٹی زراعت کے شعبے میں تحقیق کے لئے پرعزم ہے اور زرعی یونیورسٹی میں پروٹو ٹائپ ڈویلمنٹ   کے ماڈلز کی تیاری پر کام ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے، لائیو سٹاک کی بیماریوں اور کاغذ بنانے کے لئے مخصوص پودوں پر  تحقیق جا رہی ہے۔