زراعت کی بحالی اور کسان کی خوشحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ صوبائی وزیر سید محمد عاشق حسین شاہ

14

ملتان27،جولائی (اے پی پی ): صوبائی وزیرزراعت سید محمد عاشق حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل صورت حال سے گزر رہا ہے تاہم زراعت کی بحالی اور کسان کی خوشحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن اس حوالے سے بے حد واضح ہے کہ کسان اور زراعت کو مضبوط کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

 وہ نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں کپاس کی فصل کے لئے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ارکان صوبائی اسمبلی رانا سلیم، لعل جوئیہ ، اسامہ فیصل، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار سہو، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب عطیل کے علاوہ کسان نمائندوں اور ملتان ، بہاولپور، ڈیرہ غازیخان کے زراعت افسروں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پہلی مرتبہ زراعت اور لائیو سٹاک کو اتنا کثیر بجٹ دیا ہے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیا گیا ہے۔زراعت کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ کی سنجیدگی کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہم نے 7ہزار سولر ٹیوب ویلز کی سکیم وزیراعلیٰ کو پیش کی جسے انہوں نے بڑھا کر ساڑھے17ہزار ٹیوب ویلز سالانہ کردیا۔ اسی طرح گرین ٹریکٹر کی سکیم ہم نے 6۔ارب روپے کی بنا کر بھیجی ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسے بڑھا کر 30 ارب روپے کردیا جس کے تحت کاشتکار وں کو 20ہزار گرین ٹریکٹر ایک سال میں دئیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ زرعی تحقیق کے لئے بہترین آپشنز بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ زرعی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے زرعی گریجوایٹس کو باقاعدہ تنخواہ کے ساتھ ہر سال ایک ہزار انٹرن شپ محکمہ زراعت میں دی جائیں گی تاکہ عملی تربیت حاصل کر کے وہ زراعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکیں۔

صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ نے ہدایت کی کہ کسان سہولت سنٹرز کا دائرہ کار وسیع کیا جائے ۔ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے مزید سہولت سنٹرز قائم کئے جائیں تاکہ کسانوں کو سہولیات اور مشاورت اپنی دہلیز پر میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس پاکستان کی ایک اہم نقد آور فصل ہے اور جنوبی پنجاب میں یہ سب سے زیادہ پیدا ہوتی ہے۔ کپاس کی پیداوار میں بڑھوتری اور کپاس کے کاشتکار کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں کپاس کی پیداوار اور اس کی صنعت سے وابستہ تمام حلقوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

سیکرٹری زراعت افتخارسہو نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران اپنے دائرہ کار میں واقع کسان سہولت سنٹرز پر تمام سہولیات یقینی بنائیں ۔ اس ضمن میں مقامی انتظامیہ ، ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندوں کو مدعو کریں۔ ان سنٹرز کی بھرپور تشہیر بھی کی جائے تاکہ کسان کو ان تمام سہولیات کے بارے میں باخبر کیا جاسکے جو ان سنٹرز پر فراہم کی جارہی ہیں۔

بعدازاں صوبائی وزیرزراعت سید عاشق حسین شاہ نے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں جاری مینگو فیسٹویل کا دورہ بھی کیا ۔ وہ مختلف سٹالز پر گئے اور آموں کی ورائٹیوں بارے بریفنگ میں حصہ لیا۔