گوجر خان،22 جولائی(اے پی پی): سابق وزیراعظم و ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قاضیاں حبیب چوک میں نئے نادرہ آفس کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرہ محمد فہیم احمد نے نادرہ دفتر کے اندر قائم پبلک ڈیسک کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ تحصیل گوجر خان میں یہ تیسرے نادرہ آفس کا قیام ہے۔
سابق وزیراعظم و ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نادرہ آفس کے افتتاح کے بعد اپنی گفتگو میں کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان تحصیل کا شمار پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں ہوتا ہے، حبیب چوک قاضیاں میں نادرہ آفس کا قیام ، شرقی گوجر خان کے باسیوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کا سبب بنے گا، گوجر خان کے باسیوں کی زندگیوں میں آسانیاں لانا میرا مشن ہے۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے نادرہ آفس میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے ملکی ترقی میں نادرہ کے کردار و انکے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
نئے نادرہ افس کی افتتاحی تقریب میں مقامی سیاسی سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی بھر پور شرکت کی۔