سرگودھا بورڈ میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان ،75 ہزار 273  طالب علم  کامیاب قرار

875

 

بھکر،11 جولائی (اے پی پی): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 96 ہزار 993 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 75 ہزار 273 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 77.61 فیصد رہا۔ طالبات کی کامیابی کا تناسب 82.10 فیصد جبکہ طلباء کی کامیابی کا تناسب 73.43 فیصد رہا ۔سائنس گروپ کی کامیابی کا تناسب 79.34 فیصد اور آرٹس گروپ کی کامیابی کا تناسب 68.69 فیصد رہا۔

 پوزیشن ہولڈرز میں انعامات  تقسیم کرنے کی تقریب بورڈ کے ملٹی پرپل ہال سرگودھا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد اجمل بھٹی تھے۔تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا منور غوث، سردار علی حسنین  بلوچ ،ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ، ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر ،سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی اور کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی سمیت پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات ان کے والدین، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔  کمشنر و چیئرمین نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں میڈلز، لیپ ٹاپ اور کیش انعامات تقسیم کیے۔

یاد رہے کہ سرگودھا ڈویژن میں ضلع بھکر نے ڈویژن بھر میں پہلی دو پوزیشنز سمیت مجموعی طور پر ڈویژن بھر میں(10) ٹاپ پوزیشنز حاصل کی ہیں جو کہ ضلع بھکر کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے

 تقریب میں  سرگودھا ڈویژن میں ٹاپ کرنے والے ہونہار طالب علم محمد علی عبداللہ بھی شامل تھے جن کو گولڈ میڈل لیپ ٹاپ  اور 40 ہزار روپے نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔

اس موقع  پر محمد علی عبداللہ  نے کہا کہ  یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور میں بہت   خوش  ہوں  ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے والدین اور اساتذہ کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے کہ میں آج اس مقام پر پہنچا ہوں میں انشاء اللہ مستقبل میں ڈاکٹر بننے کا ارادہ رکھتا ہوں اور پوری لگن اور محنت سے آگے بھی نمایاں کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا رہوں گا۔