سوشل میڈیا اور شرپسندی کے زریعے خطے کے امن میں خلل ڈالنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا؛آئی جی پی گلگت بلتستان

12

گلگت،02جولائی(اے پی پی):آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور شرپسندی کے زریعے خطے کے امن میں خلل ڈالنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا، اتحاد و اتفاق ہی کے ذریعے ہم اندرونی و بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے گلگت بلتستان کے امن کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ، معیشت ، سیاحت، تعمیر و ترقی  اور خوشحالی وسکون ان سب کا دارو مدار امن پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس اپنے ترجیحات سے آگاہ ہے۔

آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے اعتبار سے آئیڈیل خطہ ہے،ملکی و غیر ملکی سیاح لاکھوں کی تعداد میں یہاں آتے ہیں اگر یہاں امن نہیں ہوگا تو یہ کیوں آئینگے۔انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو یہاں سی پیک اور نان سی پیک سرگرمیاں کھٹک رہی ہیں اس لئے ہمیں بیرونی سازشوں اور چالوں سے بھی با خبر رہنا ہے۔

آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے کہا کہ پولیس میں بہت سی نئی اصلاحات لا رہے ہیں،سیف سٹی پراجیکٹ کو اپ گریڈ کررہے ہیں،جس سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں مدد ملے گی۔پولیس موبائل ٹیمیں ,سارگن ، ایگل سکواڈ،کوئیک رسپانس فورس ( QRF) اور ریزروکے دستے بھی اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے الرٹ ہیں ۔

گلگت بلتستان امن کمیٹیوں کا اجلاس پولیس ہیڈ کواٹرز میں ہوا،جس میں دیگر اضلاع نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔مقررین نے اجلاس کے دوران کہا کہ ایک دوسرے کے عقائد کا احترام لازمی ہے، اگر کہیں پر کوئی ایشو پیدا ہوتا ہے تو موقع پر ہی حل کرنا ہے،چنگاری کو آگ لگنے سے پہلے ھی بجھانا ہے۔علماء کرام ، ذاکرین ممبروں سے اتحاد و بگانگت کا درس دیں، سوشل میڈیا کی سختی کے ساتھ مانٹیرنگ کی جائے۔ حکومت اپنی رٹ ہر حال میں قائم کرے۔ امن کو سبوتاژ کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔

 مقررین نے کہا کہ اب ٹارگٹ کلنگ، کفر کے فتوے اور نوگو ایریاز کا دور ختم ہو چکا ہے، گلگت بلتستان کے باسیوں کو ہوش آچکا  ہے، انشا ءاللہ محرم 2024 گزشتہ محرم سے بھی اچھا گزرے گا۔

 امن اجلاس میں صوبائی مشیر مولانا سرور شاہ ، مولانا سید محمد ، امامیہ کونسل کے صدر ساجد علی بیگ ، محمد موسی ، سلطان گولڈن ، سید نظام الدیںن ، ناصر زمانی ، طفیل احمد خان، اسماعیلی ریجنل کونسل کے نمائندہ اور دیگر بہت سے ممبران نے شرکت کی جبکہ  ضلع دیامر کے امن کمیٹی کے ممبران اور سکردو سے سید باقر الحسینی ابراہیم خلیل محمد علی جوہر و مفتی سرور اور غزر سے امن کمیٹی کے ممبران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔