اسلام آباد،05 جولائی(اے پی پی):پاکستان میں سویڈن کے سفیر ہنریک پارسن نے پاکستان میں کام کرنے والی سویڈش کمپنیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کو سراہا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کے دوران سفیر پارسن نے ملک میں سویڈن کے کاروبار کے مثبت تجربات پر روشنی ڈالی اور ان کی متاثرکن ترقی اور منافع کو سراہا۔سویڈن سفیر نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر پاکستان میں سرگرم تمام سویڈش کمپنیوں سے ملاقات کی ان میں سے کسی کے پاس بھی کہنے کو کچھ منفی نہیں تھا۔ اس کے برعکس، ان سب نے نمایاں ترقی اور منافع کی خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول کا ثبوت ہے۔
سویڈن سفیر نے کہا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان پوری دنیا کے لیے بین الاقوامی تجارت کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سفیر ہنریک پارسن نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے تعلقات صرف مضبوط نہیں بلکہ ٹھوس اور پائیدار ہیں، جو پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، انجینئرنگ اور تعلیم کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیتں ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ عالمی سطح پر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی حکومت پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ترجیح نہ صرف دو طرفہ بلکہ سہ فریقی فریم ورک کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو بڑھانا ہے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نےنیوٹیک یونیورسٹی میں اپنے حالیہ تجربے کا اشتراک کرتے ہوئے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کی کامیابیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جیسا کہ میرے نیوٹیک کے دورے کے دوران دکھائے گئے اختراعی منصوبوں سے ظاہر ہوتا ہے اور یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رہنما بننے کی ہماری صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ حکومت قومی اور بین الاقوامی کاروباری برادریوں کو فسلیٹیٹ کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارا مقصد ایک ایسا ماحول بنانا ہےجہاں کاروبار ترقی کر سکیں اور ہماری اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔