اسلام آباد،11جولائی(اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جمعرات کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جرمنی کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر اطمینان اور مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ دونوں دوست ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے درمیان روابط کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ جرمنی، پاکستان کا انفرادی طور پر اور یورپ کے تناظر میں اہم اقتصادی شراکت دار ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی و سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔جرمنی کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
جرمن وفد نے سپیکر قومی اسمبلی کے جرمنی کے لیے خیر سگالی اور تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش پر اظہار تشکر کیا ۔ جرمن اراکین پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔جرمنی کی پارلیمان اور حکومت پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے حصول کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ جرمن اراکین پارلیمنٹ نےسپیکر قومی اسمبلی کی دونوں ممالک کی پارلیمانو ں میں رابطوں کو مزید فروغ دینے کی تجویز سے اتفاق کیا