سکھر؛اروڑ یونیورسٹی میں آر او پلانٹ کا افتتاح اور ایڈوانسڈ واٹر کوالٹی لیبارٹری کا سنگ بنیاد

14

سکھر،25جولائی(اے پی پی):اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج میں  ایڈوانسڈ واٹر کوالٹی لیبارٹری کا سنگ بنیاد    اور   آر او پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا ۔آر او پلانٹ کا   افتتاح ضلع کونسل سکھر کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ نے کیا، ایڈوانسڈ واٹر کوالٹی لیبارٹری کے منصوبے کی لاگت 26.28 ملین ہے جسے سکھر ضلع حکومت نے عطیہ کی ہے۔

اروڑ یونیورسٹی سکھر کے میڈیا کنسلٹنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ نے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا، مہمانوں میں ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈی سی سکھر، آئیکون گروپ آف کمپنیز کے سی ای او  عامر غوری اور گورداس وادھوانی (سینئر وائس چیئرمین)  محمد کامل فاروقی (نائب صدر) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سکھر اور ضلع کونسل کے ممبران شامل تھے۔ ڈاکٹر کھنڈ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ  اور چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ کی جانب سے اروڑ یونیورسٹی سکھر کی ترقی کے لیے تعاون کو سراہا اور میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھریجو نے اروڑ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے ڈاکٹر کھنڈ کی خدمات کا اعتراف کیا اور صاف پانی کے استعمال کے بارے میں تفصیلی بات کی۔مہمان خصوصی سید کمیل حیدر شاہ نے سکھر اور علاقے میں تعلیم کی بہتری کے لیے ڈاکٹر کھنڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اروڑ یونیورسٹی میں ضرورت مند طلباء کو مختلف اسکالرشپ پروگراموں کے ذریعے مالی امداد کو بھی یقینی بنایا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگار تحائف پیش کیے گئے۔