سکھر،14جولائی(اے پی پی):کسٹم اور حساس ادارے کی کارروائی، ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ڈیزل سے بھرا باوذر قبضے میں لے لیا،دو ملزمان گرفتار، ڈیزل کی مالیت 33 ملین سے زائد ہے۔
ڈپٹی کلیکٹر کسٹم سکھر رانا ارسلان مجید اور حساس ادارے کی قیادت میں عملے نے سکھر کے شکارپور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گیس باوذر کو تحویل میں لے کر اس کی تلاشی لی جس میں سے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کلیکٹر کسٹم رانا ارسلان مجید کا کہنا تھا کہ سکھر سمیت اندرون سندھ کسٹم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں،کاروائی کلیکٹر کسٹم حیدرآباد مونا محفوظ، ایڈیشنل کلیکٹر طاہر عباس اور حساس ادارے کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ باوذر میں سے 71ہزار لیٹرایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا ہے جو کوئٹہ سے پنجاب اسمگل کیا جارہا تھا جس کی مالیت 33 ملین روپے سے زائد ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔