سکھر میں یوم عاشورہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

22

سکھر،17جولائی(اے پی پی): ملک بھر کی طرح حضرت امام حسینؑ اور انکے ساتھی شہدائے کربلا کی یاد میں سکھرسمیت ریجن بھر کے مختلف اضلاع میں یوم عاشورہ نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا،ضلع بھرمیں تین درجن سے زائد چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے اورمختلف مقامات پر مجالس عزا منعقد کی گئیں۔

سکھر میں عاشورہ محرم الحرام کا سب سے بڑا مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد سے برآمد ہوا جو بیراج روڈ، گھنٹہ گھر، مینارہ روڈ، اسٹیشن روڈ سے گزرتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کے علاوہ روایتی تعزیوں، ذوالجناح اور علم تعزیوں اور علم بردارعزادروں کے ماتمی چھوٹے بڑے جلوس شامل ہوگئے اور اپنے مقررہ راستوں سے گز رکراختتام پذیر ہوئے۔

 یوم عاشورہ پر نکالے جانے والے ماتمی جلوس میں شامل عزاداران حسین ؑ نے تعزیے اورعلم اٹھا رکھے تھے۔ چوک گھنٹہ گھر سمیت دیگرمقامات پر مجالس عزاداری میں ذاکرین نے واقعہ کربلا کے حوالے سے تقاریر کیں، شام کو مرکزی امام بارگاہ میں شام غریباں منعقد ہوئی۔

سکھر میں 30 سے زائد بڑی سائز کے انڈسٹریل پنکھے لگائے ہیں تاکہ حبس سے عز اداروں کو بچایا جائے،50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرون سے مانیٹرنگ ہو رہی ہے،800 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جو تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں،کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کےلئے پاک فوج اور رینجرز کے جوان آن بورڈ اور آن گراﺅنڈ ہیں۔