سیالکوٹ۔رکن قومی اسمبلی  چوہدری ارمغان سبحانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی  میں  اجلاس

17

سیالکوٹ۔1جولائی  (اے پی پی):کنوینیر /رکن قومی اسمبلی  چوہدری ارمغان سبحانی کی زیر صدارت   ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر  سیالکوٹ محمد ذوالقرنین، ارکان پنجاب اسمبلی محمد منشا اللہ بٹ،چوہدری  فیصل اکرام، چوہدری طارق سبحانی، رانا عارف اقبال ہرناہ، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال، اے ڈی سی فنانس مظفر مختار نے  اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد آصف نے بریفنگ دی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں کے لئے ہر ایم این اے اور ایم پی ایز کے حلقے میں ایک ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کرے گی، روڈ سیکٹر، بلڈنگ سیکٹرسمیت تمام شعبہ جات کی ان سکیموں کیلئے ارکان اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں کی سفارشات جمع کروا دی ہیں، کمیٹی نے ارکان کی طرف سے دی گئی تما م سکیموں کو منظور کر لیا جبکہ ارکان اسمبلی ان سکیموں کی ترجیح کے تعین کے مجاز ہوں گے۔

 کوآرڈینشن  کمیٹی نے ہدایت کی کہ مون سون کے آغاز سے قبل محکمہ انہار، محکمہ شاہرات آبی گزر گاہوں کی بند پلیوں کی صفائی یقینی بنائے گا اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اساتذہ کی جنرل ڈیوٹی اور عارضی پوسٹنگ ختم کی جائے، سکول کونسلز ایک ہفتے میں فعال کر دی جائیں گی۔

کمیٹی نے سیالکوٹ جمخانہ کی تعمیر کی اصولی منظوری دیدی جبکہ چیف ایگزیکٹو گیپکو سے مطالبہ کیا گیا کہ دیہی سب ڈویژنوں میں بھی یکساں سٹاف تعینات کیا جائے نیز مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق سید پور سب ڈویژن کو دو سب ڈویژن میں تقسیم کیا جائے۔