اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): سینیٹر سید علی ظفر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے شرکت کی اور سینیٹر سید علی ظفر کو قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم جمہوری روایات کے امین ہیں، سیاسی مخالفین سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بات چیت کی جاتی ہے، وزارت اطلاعات کی طرف سے قائمہ کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد نواز شریف نے ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی کو ترجیح دی، ان کے دور حکومت میں خارجہ پالیسی کے اہم اور سنجیدہ معاملات پر پہلی مرتبہ ایوان میں ووٹنگ سے فیصلہ ہوا اور اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے 2017ءمیں اطلاعات تک رسائی کے قانون کا سہرا بھی تمام پارلیمنٹیرین کو جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے واجبات ادا ہونے چاہئیں، ہم نے اشتہارات کی مد میں 1.6 ارب روپے دیئے اور بجٹ میں بھی میڈیا ہاﺅسز اور اخبارات پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگنے دیا، ان تمام اقدامات کے فوائد میڈیا ہاﺅسز اور اخبارات کے ملازمین کو ملنے چاہئیں، باقی آئی ٹی این ای کے فورم پر جو بھی ملازم آتا ہے اس کو واجبات کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ اسکے علاوہ اے پی این ایس ڈمی اخبارات کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ ملک میں انٹرٹینمنٹ کے فروغ کیلئے فلم انڈسٹری کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے، ہم نے پاکستان کے ممتاز فلم سازوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے آئیڈیاز لے کر آئیں اور جہاں نیوز، سپورٹس پر فوکس کیا جا رہا ہے وہاں فلم سازی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم پچھلے دور حکومت میں شروع ہوئی، ہم نے اس اسکیم کو بحال کیااور اسلام آباد کے صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کو مکمل طور پر کور کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 30 ہزار صحافی اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت ڈیپ فیک ویڈیو جیسے جرائم کا تدارک ضروری ہے، ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کی تجویز آئی تھی، اس کمیٹی کا مینڈیٹ ہے کہ وہ تمام صحافتی تنظیموں، پارلیمنٹیرینز، سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرے، یہ کمیٹی رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں قائم ہے جس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت وہ خود بھی اس کے رکن ہیں اور اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے وسیع بنیادوں پر مشاورت جاری ہے۔