شزا فاطمہ خواجہ اور رومینہ خورشید عالم کی عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو وائرل کرنے پر شدید مذمت،ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا

20

اسلام آباد، 26 جولائی (اے پی پی ): وزیر مملکت انفارمیشن  ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور وزیراعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم  نےعظمیٰ بخاری کی جھوٹی اور جعلی ویڈیو وائرل کرنے اور جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جعلی ویڈیو پھیلانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اورانہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔

جمعہ کو یہاں وزیر مملکت   انفارمیشن  ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور وزیراعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے ہمراہ   مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری کی جھوٹی  اور  جعلی  ویڈیو وائرل  کرنے کی  جتنی  بھی مذمت کی جائے کم ہے ، اس ویڈیو کو پوسٹ اور بغیر تصدیق کے ری پوسٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے، کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ  بھی اس میں ملوث ہیں ،ان کا سراغ جلد لگایا جائے گا اور انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت، مذہب اور عورت کے نام پر سیاست کرتی ہے، سیاست میں مقابلہ سیاست سے کرنا چاہئے، عورت کی تذلیل نہیں کرنی چاہئے اور انہیں سیاست میں استعمال نہیں کرنا چاہئے، ہم نے کبھی ذاتیات کی سیاست نہیں کی، ہماری پارٹی نے خواتین کو گالم گلوچ سے منع کیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ  مسلم لیگ ن کی پوری قیادت عظمیٰ بخاری کیساتھ کھڑی  ہے، ایسے جھوٹے الزامات اور  بہتان لگانا ٹھیک نہیں ہے ۔انہوں نے کہا  کہ عظمیٰ بخاری ایک نڈر سیاست دان ہیں وہ اس کا ڈٹ کے مقابلہ کریں گی۔