اسلام آباد،25 جولائی (اے پی پی ) : چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 69 ویں سالگرہ پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دلی مبارکباد دی اور کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ملک میں جمہوریت کے فروغ اور عوامی فلاح وبہبود کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں۔
ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جانب سے منعقدہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سالگرہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک جذبے، تحریک اور ولولے کا نام ہے اس پارٹی کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کے فروغ، آئین کی پاسداری، خواتین کو با اختیار بنانے اور غریب عوام میں خوشحالی لانے کے لئے نہ صرف انتھک محنت کی ہے بلکہ لازوال قربانیاں بھی دی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک پاکستان کو نہ صرف ایٹمی طاقت بنایا بلکہ اس کے دفاع کو بھی ناقابل تسخیر بنایا، عوام اور ملک کی خوشحالی کے لئے شہید بھٹو نے آئین پاکستان کا تحفہ دیا۔ان کی شہادت کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے فروغ، آئین کی پاسداری اور عوامی خدمت کے جذبے کو بلند کیا۔ بی بی محترمہ کی شہادت کے بعد صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالی اور صوبوں کے استحصال کو ختم کر نے کے لئے 18 ویں ترمیم کا تحفہ دیا جس سے صوبوں کو یکساں حقوق کی فراہمی یقینی بنی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے موجودہ چیئرمین بلاول زرداری بھٹو نے بھی اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے نمایاں خدمات دیں۔ یہ بلاول بھٹو کی انتھک محنت ہے کہ آج آصف علی زرداری صدر پاکستان اور میں چیئرمین سینیٹ کے طور پر آپ کے سامنے موجودہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی دو صوبوں میں صوبائی حکومت ہونے کے ساتھ ساتھ دو صوبوں میں گورنر شپ بھی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی آئینی اور عوامی فلاح وبہبود کی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کو عدالت میں بھیج کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا اور ان کے قتل کو عدالتی قتل ثابت کروایا۔عدالت نے تسلیم کیا کہ انھیں فری ٹرائل نہیں دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بطور وزیراعظم پاکستان بھی غیر قانونی طور پر ہٹایا گیا لیکن ہم جمہوریت اور ملک کی بقاء کے لئے سرگرم رہےاور اس ضمن میں جسٹس اطہر من اللہ نے کل امریکہ میں اپنے خطاب میں اس بات کو دہرایا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک کی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کے دن ہم صدر پاکستان کی سالگرہ کے دن ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے صدر پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر پاکستان ملک میں خوشحالی لانے کیلئے سرگرم عمل ہیں او ر ان کی کوشش ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں ترقی و خوشحالی کا دور دورا ہو۔ پاکستان پیپلزپارٹی زندہ باد پاکستان پائندباد۔
سالگرہ کی تقریب میں سابق وزیراعظم و سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر شہادت اعوان، سینٹر پلوشہ محمد زئی خان، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹرفاروق حامد نائیک، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹرعمر فاروق، رکن قومی اسمبلی سحر کامران،سینیٹر سید مسرور احسن، سینیٹر اسلم ابڑودیگر اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹرینز کے ہمراہ صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور صدر مملکت کے لئے دعا بھی کی۔