صدر آصف علی زرداری مفاہمت پسند انسان ہیں جو مخالفین کو بھی عزت دیتے ہیں؛گورنر پنجاب

16

لاہور، 26 جولائی(اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے  کہا ہے کہ  ذوالفقار علی بھٹو جیسے لیڈر صدیوں کے بعد پیدا ہوتے ہیں ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک ایک نازک صورتحال سے گزر رہا تھا، اس وقت آصف علی زرداری نے پاکستان ”کھپے”کا نعرہ لگا کر ملک کو انتشار سے بچایا،صدر آصف علی زرداری مفاہمت پسند انسان ہیں جو مخالفین کو بھی عزت دیتے ہیں۔

یہ بات گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے  جمعہ کو  یہاں گورنر ہائوس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب اور سیمینار سے خطاب کے دوران کی۔تقریب میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری مفاہمت پسند انسان ہیں جو مخالفین کو بھی عزت دیتے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے لیے قربانیاں دیں،مسلم لیگ (ن)کے ساتھ اتحاد بھی ملک میں استحکام کی خاطر کیا۔ کیونکہ ملک ایک اور الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ آخر میں فلسطین کے مسلمانوں اور ملک میں امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سید حسن مرتضی ، سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید، سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ، سینئر رہنما میاں مصباح الرحمن اور سینئر صحافی سہیل وڑائچ سمیت دیگر پارٹی رہنما اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔