صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا دورہ سیالکوٹ،آٹے کے ڈسٹری بیوٹرز سے قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ

20

 

سیالکوٹ، 27 جولائی (اے پی پی) : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرصوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، غلہ منڈی میں واقع فلور مل کے گودام کا معائنہ کیا اور آٹے کے ڈسٹری بیوٹرز سے قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔

بعد ازاں انہوں نے ڈی سی آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین ، ایم پی اے  عارف اقبال ہرناہ ، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال ، ایم ڈی سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف نواز رندھاوا اور ڈی ایف سی نصر اللہ خان ندیم بھی موجود تھے۔

 صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں 20 کلو گرام آٹے کی قیمت 1640 روپے اور 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 820 روپے مقرر کی ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اضلاع کی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں ڈیمانڈ کے مقابلے میں وافر مقدار میں آٹے کی سپلائی موجود ہے۔

 صوبائی وزیر خوراک نے ہدایت کی کہ ڈسٹری بیوٹرز اور کریانہ مرچنٹ نمایاں جگہ پر ریٹ لسٹ آویزاں کریں ضلعی انتظامیہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے ۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب کہ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرعزم ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف  نے اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اقدامات سے پولٹری کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔

 صوبائی وزیر خوراک نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آپریشنز توسیع کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔