لاہور،08 جولائی ( اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے اور ری ہیب سنٹرز کے قیام پر تبادلہ خیال ہوا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کا ناسور بن چکی ہے،اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب منشیات کے خلاف کفن بہ سر ہو کر جہاد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈرگ فری ملک دیکھنا چاہتے ہیں ،منشیات کی لعنت نے کئی گھر اجاڑ دیئے ہیں، ری ہیب سنٹرز میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے اقدامات بہت ضروری ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ منشیات کے خلاف جہاد کرتے ہوئے اے این ایف کے شہید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے کیلئے عوام میں آگاہی انتہائی اہم ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب برگیڈیئر سکندر حیات چوہدری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ڈرگ فری بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی شخصیت سے بہت متاثر ہوا ہوں۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے این ایف میجر نذیر موجود تھے۔