لاہور،15جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے اقوام متحدہ کے ادارے خوراک و زراعت کے پاکستان میں نمائندے رانا محمد واجد نے ملاقات کی ۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں ایف اے او کے پاکستان اور پنجاب میں جاری پروگرام اور زراعت ، ٹیکنیکل ایجو کیشن ،تعلیم، ایکوا فارمنگ اور دیگر شعبوں میں پنجاب حکومت اور ایف اے او کے مابین اشتراک پربات چیت ہوئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت ،تعلیم اور سوشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اس لیے غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ خوراک و زراعت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر ز کو اپ گریڈ کرنے میں تعاون کر سکتا ہے ۔ ایف اے اوپنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیجیٹل ویلجز کے قیام کا جائزہ لے ۔ اس حوالے سے گجرات سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا سکتا ہے ۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ زراعت کے فروغ کیلئے سیڈ ڈویلپمنٹ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے لگانے کیلئے متعدد غیر ملکی سو لر کمپنیوں کے حکام سے مل چکا ہوں۔
رانا محمد واجد نے بتایاکہ جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع خانیوال ، لودھراں ، ملتان ، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان میں ایف اے او کے پروگرام جاری ہیں۔پروگرام کے تحت کاشتکاروں اور اہلکاروں کی کپیسٹی بلڈنگ کی جا رہی ہے ۔ایف اے او پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے کا خواہاں ہے۔
سی ای او سر مایہ کاری بورڈ جلال حسن، ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔