لاہور، 3 جولائی(اے پی پی):وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں صفائی کے کام کی آؤٹ سورسنگ کے پائلٹ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
سی ای اوز نے اپنے علاقوں میں نجی کمپنیوں کی پری کوالیفیکشن کی تفصیل بتائی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک جیسا صفائی کا نظام وزیراعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہے۔ آؤٹ سورسنگ کا مقصد یکساں نظام صفائی کو عملی شکل دینا ہے، ذیشان رفیق نے کہا کہ ایسی کمپنیوں کا انتخاب کریں گے جو مطلوبہ نتائج دینے کی اہل ہوں گی۔
صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو آؤٹ سورسنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایتے ہوئے کہا کہ آوٹ سورسنگ کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارا کردار ختم ہوگیا۔ صفائی کے نئے ماڈل کی ہر سطح پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی، عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں صفائی کی مشینری فعال حالت میں رکھیں۔ آؤٹ سورسنگ کمپنیوں کی ذمہ داریوں کا تعین کر لیا گیا ہے۔