پشاور ، 13جولائی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ میں تعلیم و صحت کے موجودہ نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، صوبہ کے یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجز و ہسپتالوں کے رائج نظام میں ٹھوس بنیادوں اور مفید درکار نتائج کے مطابق قابل عمل اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں خیبرپختونخوا کےتعلیمی شعبہ سے وابستہ ماہرین کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر آسیہ خان کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے ماہرین تعلیم کے وفد میں ڈاکٹر قبلہ ایاز، ڈاکٹر جمیل چترالی، ڈاکٹرعبدالرحمنخٹک، ڈاکٹرسجاد خان و دیگر شامل تھ۔وفد نے گورنر کو صوبہ میں تعلیمی شعبہ میں انتظامی، مالی امور سمیت مجموعی سطح پر بہتری سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں، وفد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے مقابلے میں سندھ کے ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کا عوامی مفاد میں نظام بہت بہتر ہے۔
وفد نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کے معاملات سے متعلق گورنر سیکرٹریٹ سندھ میں ایک باقاعدہ رابطہ سیل قائم کیا گیا یے، ڈاکٹر قبلہ ایاز نے گورنر سے تعلیمی پالیسی 2003 پر نظر ثانی کی بھی درخواست کی اور ضم اضلاع کے نوجوانوں کو بہترین تعلیم و تربیت کی فراہمی کیلئے صوبائی دارالخلافہ پشاور یا اسلام آباد میں قبائلی نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی کے قیام کی تجویز پیش کی۔
وفد نے گورنر کو یونیورسٹیوں کے مالی، تعلیمی و انتظامی اختیارات سے متعلق وفاق، صوبہ اور ایچ ای سی میں تقسیم سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن الگ سے ہونا چاہئے جو صوبہ کی یونیورسٹیوں کے معاملات کو صوبہ کی سطح پر دیکھے۔ وفد نے میڈیکل کالجز میں فیکلٹی تعیناتی کے طریقہ کار و انکی اگلے گریڈ میں ترقی کا لازمی معیار، داخلہ سسٹم میں کمزوریوں اور قانونی نقائص سے متعلق بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبہ میں تعلیم کا بہترین معیار قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ صوبہ کے نوجوان طبقہ کی قابلیت میں نکھار لایا جا سکے،
انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو خط لکھا ہے کہ تمام جامعات اپنی پراپرٹیز کے استعمال اور اس سے حاصل ہونیوالی آمدن اور دیگر وسائل سے متعلق آگاہ کریں، ہمیں پتہ چلنا چاہئے کہ یونیورسٹیاں ہر وقت مالی گرانٹ کا کہتی ہیں آیا وہ اپنے وسائل بھی درست استعمال کر رہی ہیں یا نہیں، انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو صحت و تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، ہم سب نے ملکر مشترکہ کوششوں سے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق صحت و تعلیم کے شعبہ کو بہتری کیجانب گامزن کرنا ہے۔