بھکر،19 جولائی (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی رشید اکبر خان نوانی نے کہا ہے کہ ضلع بھکر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام صوبائی اور وفاقی محکمہ جات کے سربراہان و افسران اپنے فرائض کامل ایمانداری کیساتھ جاری رکھیں تاکہ سرکاری دفاتر میں پبلک سروس ڈلیوری سسٹم کومزید موثر بناکر عوام الناس کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
یہ بات ایم این اے /کنوینر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی (ڈی سی سی)رشید اکبر خان نوانی نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کنوینر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی اور پارلیمنٹریز کو سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی بارے آگاہ کیا جبکہ ڈی پی او محمد عبداللہ لک نے ضلع میں لااینڈ آرڈرز کی مجموعی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ضلعی محکمہ پولیس بھرپور انداز میں متحرک ہے، عشرہ محرم الحرام میں امن و امان کی مجموعی صورت حال تسلی بخش رہی ہے، ضلع میں کہیں پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
کنوینر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی رشید اکبر خان نوانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اس سلسلہ میں پولیس پیٹرولنگ کا دائرہ کار وسیع بنایا جائے تاکہ ضلع میں لااینڈ آرڈرز کی صورت حال کو مزید مربوط و موثر بنایا جاسکے۔انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ کسانوں کو بہتر اور نفع بخش فصلوں کے حصول کیلئے زرعی ماہرین فیلڈ میں جاکر آگاہی فراہم کریں تاکہ کسان کو جدید طریقہ کاشت کاری سے آگاہ کرکے معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکے۔
اجلاس میں ایم پی ایز سعید اکبر خان نوانی،عامر عنایت خان شہانی،ملک غضنفر عباس چھینہ اور احمد نواز خان نوانی نے عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات میں مزید بہتری کیلئے تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پرکنوینر ڈی سی سی رشید اکبر خان نوانی نے محکمہ لائیوسٹاک،واپڈا،سوئی گیس اور ہائی ویز کے افسران کو عوامی مسائل کے بہتر حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔