ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

21

ڈیرہ اسماعیل خان،17 جولائی (اے پی پی):حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور کربلا کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 10 محرم الحرام کو یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں سے ماتمی جلوس نکالے گئے جو اپنے اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کوٹلی امام حسین پر اختتام پذیر ہوئے۔

اس موقع پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، ڈپٹی کمشنر منصور ارشد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود نے بذات خود مختلف جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

سب سے بڑا تعزیہ امام بارگاہ بمو شاہ سے نکالا گیا جبکہ مختلف امام بارگاہوں اور تھلوں سے 15 کے قریب تعزیے اور عالم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے جو مرکزی جلوس میں شامل ہوتے رہے۔اسی طرح عاشورہ کا ایک اور بڑا جلوس ‘‘ذوالجناح’’ امام بارگاہ چاہ سید منور سے نکالا گیا جو ملتان روڈ، کمشنری بازار اور چوگلہ سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کوٹلی امام حسین پر اختتام پذیر ہوا۔تعزیہ اور ذوالجناح کے مختلف چھوٹے چھوٹے جلوس بھی اس کے روٹ کے مختلف راستوں سے اس جلوس میں شامل ہوئے۔

تیسرا بڑا جلوس امام بارگاہ لاٹو فقیر اور امام بارگاہ حیدر شاہ شیرازی سے برآمد ہوا۔تمام جلوس‘‘کوٹلی امام حسین ’’ پہنچے جہاں عزاداروں نے نماز ظہر ادا کی اور بعد ازاں عزادار پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ماتمی جلوسوں میں بچوں سمیت ہر عمر کے لوگ راستوں پر نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے نظر آئے۔عاشورہ کے جلوسوں کے تقریباً تمام راستوں پر دودھ و دیگر مشروبات کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ضلع کی دیگر تحصیلوں بشمول کلاچی، پہاڑ پور اور پروا میں بھی عاشورہ کے جلوس نکالے گئے۔جلوس کے راستوں پر ٹریفک معطل رہی جبکہ شہر میں 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر نہ صرف ڈبل سواری بلکہ موٹر سائیکل کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔یوم عاشور پر حفاظتی اقدامات کے تحت موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کو مختلف زونز اور سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ضلع میں محرم الحرام کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی پلان کے تحت مختلف مقامات پر 8500 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔اس کے علاوہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے تھے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے مختلف مقامات اور جلوس کے راستوں کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ضلع میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال کا جائزہ لیا۔