‘‘عزم استحکام’’فوجی آپریشن نہیں بلکہ   ایک ہمہ گیر اور مربوط  انسداد دہشت گردی مہم ہے؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری 

19

راولپنڈی،22جولائی  (اے پی پی):مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری  نے کہا ہےکہ  ‘‘عزم استحکام’’فوجی آپریشن نہیں بلکہ   ایک ہمہ گیر اور مربوط  انسداد دہشت گردی مہم ہے ، ایک سیاسی مافیا  اس کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے  اور اسے متنازعہ بنانا چاہتا ہے،    9مئی کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو ڈھیل دینے  سے انتشار پیداہوگا ،  ذمہ داروں کو   کیفر کردار تک نہیں پہنچائیں گے تو ملک  کے اندر فسطائیت مزید پھیلے گی ،انتشارپسندوں  کی جانب سے   بنوں واقعہ کے بعد ڈیجیٹل  دہشت گردی کی گئی ۔

 پیر کو یہاں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے  کہا  کہ اس پریس کانفرنس کامقصد بعض اہم امور پر افواج پاکستان کا موقف  واضح کرنا ہے ،حالیہ کچھ عرصہ میں مسلح افواج کے خلاف کسی نہ کسی شکل  میں منظم پراپیگنڈہ ، جھوٹ ، غلط معلومات کا پھیلائو  اور ان سے منسوب من گھڑت خبروں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، یہ ضروری ہے کہ ان معاملات پر بات چیت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی   کے ضمن میں  2024 میں 22ہزار 809 آپریشنز ہوئے جس میں 31 انتہائی مطلوب دہشت گردوں  سمیت 398 دہشت گرد وں کو واصل جہنم کیا گیا  ۔ دہشت گردی کے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے پاک فوج ، پولیس ،انٹیلی جنس ایجنسیز کے ساتھ ملکر  یومیہ 112  آپریشنرکررہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران 137 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے ،پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں اس مادروطن کے لئے قربان کی  ہیں ۔