اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے باہمی تعاون سے پاک۔ایران علمی و ثقافتی مکالمے پردوسری انٹرنیشنل کانفرنس کا افتتاحی سیشن منعقد ہوا ، جس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کی۔
کانفرنس میں ایران کی 6جامعات کے سربراہان، وائس چانسلر جامعہ ادیان و مذاہب ایران، پروفیسر ڈاکٹر سید ابو الحسن نواب کی سربراہی میں وفود سمیت شرکت کررہے ہیں۔
کانفرنس کا مقصد پاکستان اور ایران کے مابین ثقافتی و علمی شراکت داری، تعلیم و تحقیق کے میدان میں تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کی زبان کو فروغ دینا شامل ہے۔ کانفرنس کا مقصد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان علمی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے سمیت نئی نسل کو آگاہ کرنا ہے اور دونوں ممالک کے ماہرین تعلیم کے درمیان علمی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ یہ کانفرنس دو روز جاری رہے گی جس میں مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمدنے کہا کہ ایران صدیوں سے علم، ثقافت اور تہذیبی ورثے کا امین رہا ہے۔ پاکستان اور ایران کو ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کو باہمی تضادات کو ایک طرف رکھ کر مشترکہ مسائل کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ایران۔ پاکستان تعلقات کو تعلیمی و ثقافتی اشتراک سے مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں تعلیم، سائنس اور علم کو تباہی کی بجائے انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔
ایرانی وفد کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید ابوالحسن نواب نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آ کر ہمیشہ بہت خوشی ہوئی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اس ہال میں بہت دفعہ آ چکا ہوں اور ہمیشہ یہاں آکر اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ ہم ایک خدا، ایک نبی اور ایک قرآن پاک کو ماننے والے ہیں۔ مسلم ممالک کو تعلیم، ثقافت، علم ، معاشی ، سائنسی شعبوں سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیئے۔
پاکستان۔ ایران کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہم نے ہر مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو اپنے ساتھ پایا۔ پاکستانی قوم اور حکومت نے ہمیشہ ہر مشکل میں ایران کا ساتھ دیا۔ مجھے اگر ان روابط کے فروغ دینے کے لئے ہر ماہ پاکستان آنا پڑے تو بھی ضرور آؤں گا۔
وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایرانی جامعہ میں ایک کانفرنس کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کی راہ ہموار ہوئی۔ اس سلسلے میں جامعہ ادیان و مذاہب میں اقبال چیئر کا قیام عمل میں لایا گیا اور یونیورسٹی آف قم میں شعبہ اردو کی بنیاد رکھی گئی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں فارسی بول چال کا کورس بھی شروع کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین مذہب، تہذیب اور ثقافت کے گہرے رشتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔کانفرنس میں 20 پاکستانی جامعات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔